بنگلورو،5/مارچ(ایس او نیوز) ریاست بھر میں کورونا وائرس کے خوف کے درمیان 6.5 لاکھ سے زیادہ طلباء پری یونیورسٹی سال دوم (پی یو 2) کے امتحانات لکھ رہے ہیں اور آج تاریخ کے پرچے کے ساتھ اس کی ابتداء ہو چکی ہے۔
اسی دوران پرائمری اور سکینڈری تعلیم محکمہ نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ صحت محکمہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے طلباء کی صحت اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
واضح رہے کہ سکینڈری اسکول لیونگ سرٹی فکیٹ (ایس ایس ایل سی یا دسویں جماعت) کے امتحانات بھی جاریہ ماہ کے اواخر میں منعقد کئے جانے والے ہیں اور بورڈ نے کہا ہے کہ وہ طلباء کے تحفظ کے سلسلہ میں ضروری احتیاطی اقدامات جیسے سردی یا نزلہ زکام کا شکار طلباء کے لئے ماسک کے استعمال سے متعلق احکامات نافذ کرنے کی کوشش کرے گا۔
اس سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کرناٹک سکینڈری ایجوکیشن ایگزامنیشن بورڈ (کے ایس ای ای بی)کی ڈائرکٹر وی سومنگلا نے بتایا کہ ”ہر ایک کمرے میں 24 طلباء امتحان کے لئے بیٹھتے ہیں اور ہم نے اسکولوں کے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ معمول سے زیادہ دوری پر طلباء کے بیٹھنے کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم اس بات کو بھی لازمی بنا رہے ہیں کہ اگر کوئی طالب علم سردی، نزلہ یا زکام اور بخار کا شکلار ہو تو اس طالب علم کو ماسک پہننا ہوگااور اسے امتحان کے کمرے میں الگ سے بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا، اسکولوں کے استنجاء خانوں اور بیت الخلاء میں صفائی کا پورا اہتمام کیا جانا ضروری ہوگا، ہم امتحانی مراکز سے کہیں گے کہ وہ بیت الخلاء پاک و صاف رکھیں اور اسکولوں سے بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ عوامی صحت مراکز سے مسلسل رابطہ میں رہیں، ہم اس بات پر بھی غور کر رہے ہیں کہ ہر ایک امتحانی مرکز میں ایک نرس یا صحت افسر کا تقرر عمل میں لایا جائے“۔
ریاستی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری تعلیم ایس سریش کمار نے بتایا کہ وہ محکمہ برائے صحت کے افسران کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ مناسب اقدامات اختیار کریں گے۔
اس تعلق سے بات کرتے ہوئے پری یونیورسٹی کے ڈائرکٹر ایم کناگاولی نے کہا کہ ریاست بھر میں پی یو کالجوں کے نام کئی گشتی مراسلے روانہ کر دیئے گئے ہیں، جن میں محکمہ برائے صحت کی طرف سے پیش کر دہ ہدایات اور احتیاطی امور کی وضاحت لکھی گئی ہے۔